بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسحاق ڈار سے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کا رابطہ، سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کلاس نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں پاکستان میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں اور دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوا۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کایا کلاس نے سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہرے افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے جاری ریسکیو اور ریلیف اقدامات کو سراہتے ہوئے یورپی یونین کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں یورپی یونین کی ہمدردی اور حمایت ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے۔”
انہوں نے کایا کلاس کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تازہ ترین صورتحال، جانی و مالی نقصانات اور متاثرین کو درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک-یورپی یونین تعلقات میں حالیہ پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیات، اور انسانی فلاح کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔