بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان آبادی کے اعتبار سے موسمی تغیراتی تبدیلیوں سےمتاثر ہونے والاسب بڑا ملک ہے:رضوان سعید شیخ

واشنگٹن (نیوز ڈیسک)امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کا شمار ماحولیاتی آلودگی میں کم ترین حصہ ڈالنے والے ممالک میں ہوتا ہے تاہم آبادی کے اعتبار سے پاکستان موسمی تغیراتی تبدیلیوں کا شکار ہونے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ چند برسوں میں موسمیاتی تغیراتی عمل کے باعث پیش آنے والی قدرتی آفات اور ان کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات نے نہ صرف پاکستان کے ترقیاتی عمل کی رفتار بلکہ ترقیاتی پھیلاؤ کی شرح کو بھی متاثر کیا ہے۔
اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کی فلاحی تنظیم ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے منعقد کردہ ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کا چیلنج اور اسکے مہلک اثرات کسی ایک ملک یا علاقے تک محدود نہیں بلکہ یہ عمل پوری دنیا کے لئے ایک سنگین چیلنج بن کر ابھرا ہے ۔ انہوں نے عالمی سطح پر پیش آنے والے واقعات اور دنیا بھر میں ہونے والی تباہ کاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کا چیلنج کسی ایک ملک یا علاقے تک نہیں بلکہ یہ پوری دنیا کے لئے مشترکہ چیلنج ہے اور عالمی برادری کو مل کر اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی۔

دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ملک کے صف اول کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ دہشت گردی کے محاذ پر صف اول کا کردار ادا کرنے والا ملک آج موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف نبرد آزما ہے۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے سے نمٹنے اور متاثرہ خاندانوں کو ریلیف کی فراہمی کے ضمن میں حکومت پاکستان ہر ممکنہ اقدام اٹھا رہی ہے۔ تاہم یہ انسانیت کا معاملہ ہے جس میں ہر محب وطن اور مخیر شخص کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے لگ بھگ ڈیڑھ ارب روپے کی امداد کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان نے امید ظاہر کی کہ تنظیم اپنے مضبوط اور مربوط نیٹ ورک کو برؤے کار لاتے ہوئے اپنے عطیات کو حقداروں تک پہنچانے کو یقینی بنائے گی۔
سفیر پاکستان نے حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تاحال تمام توجہ امدادی اور ریلیف سرگرمیوں پر مرکوز ہے ۔ اس کوشش میں امریکی پاکستانی کمیونٹی کے بھرپور تعاون کی اپیل ہے۔ ریلیف کے بعد آباد کاری اور تعمیر نو کے عمل میں بھی کمیونٹی کے تعاون کے خواہاں رہیں گے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پوری قوم نے معرکہ حق کے دوران جس جذبہ حب الوطنی اور پاکستانیت کا مظاہرہ کیا تھا آج بھر اسی جذبے کی ضرورت آن پہنچی ہے۔
پاکستان اور بھارت کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے مشترکہ چیلنج پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ حالیہ تباہ کاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اس بات کا ادارک کرنا ہوگا کہ ہمارے مشترکہ معاملات اور چیلنجز مخاصمت سے نہیں بلکہ بات چیت اور مشترکہ کوششوں سے حل ہو سکیں گے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ہیلپنگ ہینڈ کے صدر محسن انصاری نے تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلپنگ ہینڈ اس وقت دنیا بھر کے اسی ممالک میں سرگرم عمل ہے۔ پاکستان کے حوالے سے اس کا سالانہ بجٹ تقریبا بارہ ملین ہے جو کہ اس سال سترہ ملین ڈالر تک ہوگا۔ انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں ہیلپنگ ہینڈ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم انسانیت کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کے کونے کونے میں اپنا دائرہ کار پھیلانے کے حوالے سے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد دکھی انسانیت کی مدد کرنا اور اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔