مسقط(انٹرنیشنل ڈیسک) سلطنتِ عمان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ہنرمند افراد کو راغب کرنے کے لیے 10 سالہ **گولڈن رہائش پروگرام** متعارف کر دیا۔ اس کے تحت سرمایہ کار محض 2 لاکھ عمانی ریال (تقریباً 5 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کے بدلے قابلِ تجدید رہائشی اجازت نامہ حاصل کر سکیں گے۔
یہ پروگرام عمان کے ویژن 2040 کا حصہ ہے، جس کا مقصد سیاحت، صنعت اور تجارت کو نئی جہت دینا ہے۔ حکام کے مطابق یہ رہائش اجازت نامہ سرمایہ کار کے اہلِ خانہ اور قریبی رشتہ داروں کے لیے بھی مؤثر ہوگا۔
گولڈن رہائش کے حامل افراد کو خصوصی سہولیات ملیں گی، جن میں ایئرپورٹ پر فاسٹ ٹریک سروس، تین گھریلو ملازمین رکھنے کا حق اور مخصوص علاقوں میں جائیداد خریدنے کی اجازت شامل ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق سرمایہ کار اس پروگرام کے لیے سات مختلف طریقوں سے اہل ہو سکتے ہیں:
کمپنی قائم کرنا
سیاحتی کمپلیکس میں جائیداد خریدنا
طویل مدتی بانڈز رکھنا
ایکوئٹی میں سرمایہ کاری
پانچ سالہ بینک ڈپازٹ
کم از کم 50 عمانی ملازمین والی کمپنی قائم کرنا
یا غیر ملکی سرمایہ کاری قانون کے تحت نامزدگی حاصل کرنا
عمانی وزارتِ تجارت و سرمایہ کاری کے مطابق یہ پروگرام صرف رہائش دینے تک محدود نہیں بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو انہیں استحکام، بہتر زندگی اور وسیع کاروباری مواقع فراہم کرے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سیاحت، لاجسٹکس اور قابلِ تجدید توانائی جیسے شعبوں میں براہِ راست سرمایہ کاری بڑھے گی۔









