بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

افغانستان میں خوفناک زلزلہ، ہلاکتیں 1400 سے تجاوز کر گئیں

کابل(انٹرنیشنل ڈیسک) افغانستان میں 6 شدت کے تباہ کن زلزلے نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 1411 تک پہنچ گئی جبکہ 3251 افراد زخمی ہیں۔

افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ زلزلے سے ہزاروں افراد براہ راست متاثر ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ افغان ہلال احمر کے مطابق آفت میں 8 ہزار سے زائد مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔

افغان سرکاری میڈیا کے مطابق سب سے زیادہ تباہی صوبہ کنڑ میں ہوئی ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کا مرکز ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب 8 کلومیٹر کی گہرائی میں ریکارڈ کیا۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر آیا، جس کے تقریباً 20 منٹ بعد 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا بھی محسوس کیا گیا۔

ماہرین اور حکام نے اسے حالیہ برسوں میں افغانستان کی سب سے ہلاکت خیز قدرتی آفات میں شمار کیا ہے۔