بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پہلا ون ڈے: انگلینڈ 131 رنز پر ڈھیر، جنوبی افریقہ کی سات وکٹ سے فتح

لیڈز: جنوبی افریقہ نے تین میچز کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں میزبان انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

میچ کا آغاز انگلینڈ کے لیے مایوس کن رہا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باووما نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ سو فیصد درست ثابت ہوا۔ انگلش بیٹنگ لائن محض 131 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اوپنر جیمی اسمتھ نے 54 رنز کے ساتھ مزاحمت کی تاہم باقی بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ کپتان ہیری بروک 12، جو روٹ 14 اور جوز بٹلر صرف 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اختتامی بلے باز بھی بڑی شراکت قائم نہ کرسکے اور پوری ٹیم 31.5 اوورز میں میدان سے باہر ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ویان ملڈر نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ناندرے برگر اور لنگی نگیدی نے ایک ایک شکار کیا۔

132 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے جارحانہ انداز اپنایا۔ اوپنر ایڈن مارکرام نے صرف 55 گیندوں پر 86 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر انگلش بولرز کو بے بس کردیا۔ رائن ریکلٹن 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ نے یہ ہدف صرف 20.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ انگلینڈ کی جانب سے تینوں وکٹیں عادل رشید نے حاصل کیں۔

سیریز میں جنوبی افریقہ کو 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ دوسرا ون ڈے 5 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔