لندن: کامن ویلتھ اسپورٹس فیڈریشن کے مطابق 2030 کے صد سالہ کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کے لیے بھارت اور نائیجیریا نے باضابطہ طور پر اپنی بڈز جمع کرا دی ہیں۔
کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں پہلی بار افریقی ملک نائیجیریا نے میزبانی کی خواہش ظاہر کی ہے، جبکہ بھارت اس ایونٹ کو اپنی کھیلوں کی عالمی ساکھ بڑھانے اور مستقبل کے بڑے مقابلوں خصوصاً 2036 اولمپکس کی میزبانی کے لیے ایک سنگ میل کے طور پر دیکھ رہا ہے۔
India and Nigeria submit formal proposals to host the 2030 Commonwealth Games pic.twitter.com/rJuYqmSHH3
— Malawi Olympic Committee (@Moc_maw) September 2, 2025
یاد رہے کہ 1930 میں پہلے کامن ویلتھ گیمز کینیڈا کے شہر ہیملٹن میں کھیلے گئے تھے، تاہم صد سالہ ایڈیشن کے لیے کینیڈا نے میزبانی کی پیشکش نہیں کی۔
بھارت نے اپنی بڈ میں احمد آباد کو ممکنہ میزبان شہر کے طور پر تجویز کیا ہے جہاں حالیہ برسوں میں اسپورٹس انفراسٹرکچر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ دوسری جانب نائیجیریا کی بڈ کو افریقہ میں کھیلوں کے فروغ اور براعظمی سطح پر نمائندگی کے نکتے سے اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
فیصلے کا باضابطہ اعلان آئندہ سال متوقع ہے۔









