بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شی جن پنگ اور پیوٹن کی 150 سال جینے پر دلچسپ گفتگو، اتفاقاً مائیک پر ریکارڈ ہوگئی

چین میں دوسری جنگ عظیم میں فتح کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی فوجی پریڈ کے دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا — روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ہونے والی ایک نجی گفتگو غیر ارادی طور پر مائیک پر ریکارڈ ہوگئی۔
یہ منظر اس وقت سامنے آیا جب دونوں رہنما شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے ہمراہ عالمی رہنماؤں کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے پریڈ کے مقام کی جانب جا رہے تھے۔
برطانوی خبررساں اداروں کے مطابق سرکاری چینی ٹی وی (CCTV) کی براہ راست کوریج میں ان کی گفتگو نشر ہوگئی، جسے بعد میں دنیا بھر کے میڈیا ہاؤسز نے حاصل کر لیا۔
پیوٹن کے مترجم کو چینی زبان میں شی جن پنگ سے کہتے ہوئے سنا گیا بایوٹیکنالوجی مسلسل ترقی کر رہی ہے۔ انسانی اعضا کو بار بار ٹرانسپلانٹ کیا جا سکتا ہے۔ جتنا زیادہ آپ زندہ رہیں گے، اتنے ہی جوان نظر آئیں گے… شاید آپ ہمیشہ کے لیے زندہ رہ سکیں!”
اس پر شی جن پنگ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ کچھ ماہرین کہتے ہیں کہ اس صدی میں انسان 150 سال تک زندہ رہ سکتا ہے۔”
ادھر کم جونگ اُن، جو ان دونوں رہنماؤں کے ساتھ چل رہے تھے، صرف مسکرا کر ان کی گفتگو سنتے رہے — تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان کے لیے بھی ترجمہ کیا جا رہا تھا یا نہیں۔
چینی ریڈیو اور ٹی وی ایڈمنسٹریشن کے مطابق اس پریڈ کی کوریج کو صرف آن لائن ہی 1.9 ارب بار دیکھا گیا، جبکہ 40 کروڑ سے زائد افراد نے یہ منظر ٹی وی پر براہِ راست دیکھا۔