ابوجا (مانیٹرنگ ڈیسک) نائیجیریا کی شمالی ریاست نائیجر میں ایک خوفناک کشتی حادثے کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔
حکام کے مطابق کشتی میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے جو تُنگان سُولے سے دوگّا کے لیے روانہ ہوئی تھی، تاہم راستے میں دریا کے اندر ایک درخت کے تنے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے کئی مسافروں کو زندہ بچا لیا جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ نائیجیریا میں مون سون کے دوران کشتیوں کے حادثات عام ہیں۔ ان حادثات کی بڑی وجوہات میں ضرورت سے زیادہ بوجھ ڈالنا، کشتیوں کی خستہ حالی اور لائف جیکٹس کی کمی شامل ہیں۔









