بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہر محاذ پر تیار، آئندہ سکور 0-6 نہیں بلکہ 0-60 ہوگا: ایئر وائس مارشل شہریار خان

کراچی (نیوز ڈیسک) یومِ دفاع کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے دستے نے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان تھے۔ انہوں نے مزارِ قائد پر پھول چڑھائے، مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے اور پی اے ایف کے دستے کا معائنہ بھی کیا۔

خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ عوام کے اعتماد پر پوری اتری ہے اور ہر محاذ پر تیار کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو ہمیشہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور آئندہ بھی کسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص نے 6 ستمبر کی یاد تازہ کر دی۔

انہوں نے واضح کیا کہ گارڈز کی تبدیلی محض ایک رسم نہیں بلکہ قائداعظم کے اتحاد اور قربانی کے پیغام کی یاد دہانی ہے۔ ان کے مطابق قدرتی آفات اور ریسکیو آپریشنز میں بھی پاک فضائیہ ہمیشہ سب سے آگے رہی ہے۔ شہریار خان نے کہا کہ ایئر چیف مارشل بابر سدھو کی قیادت میں ایئر فورس جدید تقاضوں کے مطابق مزید مضبوط ہوئی ہے۔

ایئر وائس مارشل نے کہا کہ پوری قوم کو افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں پر فخر ہے، اور پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

کمانڈنگ آفیسر نے اپنے خطاب میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جن والدین نے اپنے بیٹوں کو وطن پر قربان کیا، وہ حقیقی محسن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کے خلاف اٹھنے والا ہر قدم ناکام بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ آج ملک بھر میں یومِ شہداء و دفاع بھرپور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نمازِ فجر کے بعد مساجد میں ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ رواں برس مئی میں ہونے والی جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے کئی جنگی طیارے، جن میں جدید رافیل بھی شامل تھے، تباہ کیے اور متعدد ایئر بیسز کو نشانہ بنایا۔