واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر جوبائیڈن ایک بار پھر آپریشن تھیٹر پہنچ گئے، اس بار ان کی اسکن کینسر کی سرجری کی گئی ہے۔
82 سالہ بائیڈن پہلے ہی پروسٹیٹ کینسر کی خطرناک قسم سے لڑ رہے ہیں، جس کی تشخیص انہوں نے رواں برس مئی میں عوام کے سامنے کی تھی۔ اس وقت انہوں نے بتایا تھا کہ بیماری کافی حد تک پھیل چکی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب بائیڈن کو کینسر کی وجہ سے سرجری کرانا پڑی ہو۔ 2023 میں صدارت کے دوران بھی ان کے سینے سے اسکن کینسر کے خلیات نکالے گئے تھے، جبکہ اس سے قبل بھی وہ کئی بار مختلف اقسام کے کینسر کی سرجریز کروا چکے ہیں۔ تازہ ترین آپریشن بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بائیڈن کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ان کی موہس سرجری (Mohs surgery) کی گئی ہے۔ یہ طریقہ علاج جلد کے کینسر زدہ حصے کو احتیاط کے ساتھ کاٹ کر نکالنے پر مشتمل ہوتا ہے تاکہ مرض مزید نہ پھیل سکے۔ تاہم ترجمان نے ان کی صحت کی موجودہ صورتحال یا آئندہ کے علاج کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔
حالیہ دنوں میں بائیڈن کے سر کے دائیں حصے پر زخم نما نشان دیکھا گیا، جس پر یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ متاثرہ جلد اسی حصے سے نکالی گئی ہوگی۔ مگر اس کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ جوبائیڈن کے بڑے بیٹے بیو بائیڈن 2015 میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ بائیڈن خود بھی ہمیشہ کینسر کے خلاف آگاہی بڑھانے اور علاج کی سہولیات بہتر بنانے پر زور دیتے رہے ہیں، اور آج وہ خود اسی مرض کے خلاف مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔









