بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پلیئنگ الیون میں سلیکٹرز کا عمل دخل نہیں، کپتان اور کوچ ہی انتخاب کر رہے ہیں

لاہور: جاری ٹرائنگولر سیریز اور ایشیا کپ میں پلیئنگ الیون کے انتخاب میں سلیکشن کمیٹی کا کوئی عمل دخل نہیں، یہ فیصلے مکمل طور پر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی کی تلاش ابھی ختم نہیں ہوئی، البتہ ایشیا کپ کے بعد اس معاملے پر مزید کام کیا جائے گا جبکہ محمد رضوان بدستور مستقبل کے پلانز میں شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سلیکٹرز نے مسلسل ناکامیوں کے باوجود محمد حارث کو کھلانے اور محمد ابرار کو تاخیر سے موقع دینے جیسے معاملات سے خود کو الگ کر لیا ہے۔ اگر حارث بہتر کارکردگی نہیں دکھاتے تو امکان ہے کہ اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان کو وکٹ کیپر کی اضافی ذمہ داریاں دی جا سکتی ہیں۔ تاہم، سابق کپتان راشد لطیف صاحبزادہ کو وکٹ کیپر بنانے کے فیصلے پر پہلے ہی سخت تنقید کر چکے ہیں۔

دورۂ یو اے ای کے اسکواڈ میں شامل محمد وسیم جونیئر، حسین طلعت اور خوشدل شاہ کو تاحال موقع نہیں دیا گیا، جس کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ کے پاس دستیاب آپشنز محدود دکھائی دیتے ہیں۔

محمد حارث کی پرفارمنس اس وقت شدید تنقید کی زد میں ہے۔ گزشتہ 10 میچز میں وہ صرف 2 بار ہی ڈبل فگرز میں پہنچ سکے اور زیادہ سے زیادہ 15 رنز بنائے۔ اس عرصے میں انہوں نے صرف 52 رنز 5.77 کی اوسط سے اسکور کیے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں وہ تیسرے نمبر پر کھیلے، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف مختلف میچز میں تیسری اور چوتھی پوزیشن پر نظر آئے۔ موجودہ ٹرائنگولر سیریز کے ابتدائی میچز میں وہ کبھی ساتویں اور کبھی پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرتے دکھائی دیے، جسے بعض ماہرین ان کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ قرار دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سلیکٹرز کو بھی حارث کی کارکردگی پر سخت تشویش ہے، لیکن ایونٹ کے دوران کوئی تبدیلی ممکن نہیں۔ مستقبل کے لیے نئے اور پرانے وکٹ کیپرز پر غور کیا جا رہا ہے، البتہ نئے کھلاڑیوں کو تیار کرنے میں وقت لگے گا۔ اس دوران محمد رضوان ٹیم کے پلان کا لازمی حصہ رہیں گے۔