بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

واشنگٹن میں ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف احتجاج، فوجی انخلا کا مطالبہ

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی دارالحکومت میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فوجی تعیناتی کے فیصلے کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور فوج واپس بلانے کا مطالبہ کیا۔

یہ احتجاجی مارچ *وی آر آل ڈی سی* (We Are All D.C.) کے نام سے منعقد ہوا، جس میں تارکین وطن، فلسطین کے حامیوں اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور “فری ڈی سی” کے نعرے لگاتے ہوئے حکومت کے اقدام کو آمریت سے تعبیر کیا۔

شرکا کا کہنا تھا کہ وہ شہر پر فوجی قبضے کے خلاف ہیں اور چاہتے ہیں کہ سڑکوں سے فوج ہٹائی جائے، کیونکہ اس طرح کے اقدامات مستقبل میں دیگر شہروں میں بھی دہرائے جا سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس وقت واشنگٹن میں دو ہزار سے زائد فوجی اہلکار تعینات ہیں، جن میں چھ ریپبلکن اکثریتی ریاستوں سے آنے والے اہلکار بھی شامل ہیں۔ اگرچہ ان کی مدتِ قیام واضح نہیں کی گئی، تاہم امریکی فوج نے ڈی سی نیشنل گارڈ کی ڈیوٹی 30 نومبر تک بڑھا دی ہے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ماہ جرائم کی شرح کو بنیاد بنا کر فوج تعینات کرنے کا حکم دیا تھا، حالانکہ محکمہ انصاف کے مطابق 2024 میں واشنگٹن میں پرتشدد جرائم کی شرح گزشتہ تیس برسوں کی کم ترین سطح پر رہی۔