بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہاکی ورلڈکپ کوالیفائر: پاکستان کے حریف کا فیصلہ آج ہوگا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ہاکی ٹیم کے ورلڈکپ کوالیفائر میں جگہ بنانے کے امکانات آج واضح ہو جائیں گے۔

بھارت کے شہر راجگیر میں جاری ایشیا ہاکی کپ کا فائنل بھارت اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ فاتح ٹیم 15 اگست سے ہالینڈ اور بیلجیم میں شیڈول ہاکی ورلڈکپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کر لے گی۔

ایشیائی کپ میں دوسری سے پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں فروری میں ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کی اہل ہوں گی۔ پاکستان نے سیکیورٹی وجوہات کے باعث بھارت میں ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کیا تھا، تاہم ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو چھٹی ٹیم کے طور پر موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فیصلے کے تحت پاکستان کو ایشیا کپ میں چھٹی پوزیشن پر آنے والی ٹیم کے ساتھ تین میچوں کی سیریز کھیلنی ہوگی، اور کامیابی کی صورت میں ہی پاکستان ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ تک رسائی حاصل کر سکے گا۔

یاد رہے کہ آج بنگلہ دیش اور جاپان کی ٹیمیں پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے میچ میں مد مقابل ہوں گی، جس کے نتیجے میں پاکستان کے حریف کا فیصلہ ہو جائے گا۔