بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

روس کا یوکرین پر اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ، 4 ہلاک، درجنوں زخمی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) روس نے یوکرین پر اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ کیا جس میں 4 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے، جبکہ دارالحکومت کیف میں سرکاری دفاتر آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔

یوکرینی حکام کے مطابق حملے میں ڈرون اور میزائل استعمال کیے گئے جن سے کئی بلند عمارتیں بھی متاثر ہوئیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ یوکرین کی کابینہ کے دفاتر پر براہ راست حملہ کیا گیا۔

یوکرینی فضائیہ کا کہنا ہے کہ روس نے ایک ہی رات میں 810 ڈرون اور 13 میزائل داغے، جو اب تک کا نیا ریکارڈ ہے۔ حملوں کے نتیجے میں ایک حاملہ خاتون زخمی ہوئیں جنہوں نے قبل از وقت بچے کو جنم دیا، جبکہ ایک گھڑ سواری کلب میں سات گھوڑے بھی ہلاک ہوئے۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یہ حملے جنگ کو مزید طول دینے کی کوشش ہیں۔ فرانسیسی صدرایمانوئل میکرون اور برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے روسی کارروائیوں کی مذمت کی، جبکہ یورپی یونین نے کریملن پر سفارت کاری کو سبوتاژ کرنے کا الزام عائد کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن ماسکو پر مزید نئی پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ روس کو مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے۔

روس اس وقت یوکرین کے تقریباً 20 فیصد حصے پر قابض ہے، جبکہ جنگ میں اب تک ہزاروں افراد جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔