نیویارک (اسپورٹس ڈیسک) ہسپانوی ٹینس اسٹار کارلوس الکاریز اور بیلاروس سے تعلق رکھنے والی ارینا سبالنکا کی یو ایس اوپن جیتنے پر حاصل انعامی رقم میں بڑی کٹوتی ہوگئی۔ دونوں کھلاڑیوں کو 5، 5 ملین ڈالرز ملنے تھے، مگر امریکی ٹیکس قوانین کے تحت 2، 2 ملین ڈالرز کی کٹوتی کرلی گئی، یوں ہر کھلاڑی کو اصل میں 3 ملین ڈالرز ملیں گے۔
امریکی قوانین کے مطابق 6 لاکھ ڈالرز سے زائد آمدنی پر 37 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے، اسی شرح کے تحت الکاریز اور سبالنکا کی انعامی رقم سے کٹوتی کی گئی۔ کوچز، ایجنٹس، سپورٹ اسٹاف اور سفری اخراجات کو بھی شامل کیا جائے تو ٹیکس کی مد میں یہ رقم تقریباً 2 ملین ڈالرز بنتی ہے۔
امریکا اور اسپین کے درمیان ٹیکس معاہدے کی وجہ سے الکاریز کو وطن واپسی پر اضافی ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑے گا، جبکہ سبالنکا نے بیلاروس کے بجائے میامی میں رہائش اختیار کر رکھی ہے، اس لیے انہیں بھی مزید ٹیکس نہیں دینا ہوگا۔
چھٹا گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والے کارلوس الکاریز کی مجموعی کیریئر آمدنی 53.5 ملین ڈالرز تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ارینا سبالنکا ویمنز ٹینس میں سب سے زیادہ کمانے والی کھلاڑیوں میں چوتھے نمبر پر ہیں اور ان کی آمدنی 42.3 ملین ڈالرز ہے۔
ٹاپ ٹینس پلیئرز سمیت دیگر کھیلوں کے کئی کھلاڑی ٹیکس فری ممالک جیسے مناکو اور بہاماس میں رہائش کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ ان کی آمدنی پر بھاری کٹوتی نہ ہو۔