ریکیاوک (اسپورٹس ڈیسک) برطانیہ کے معروف ایکسٹریم ایتھلیٹ روس ایجلی نے دنیا کو حیران کر دینے والا کارنامہ انجام دیتے ہوئے آئس لینڈ کا تیر کر 1000 میل طویل سفر کامیابی سے مکمل کر لیا۔
39 سالہ ایجلی نے یہ غیر معمولی مہم 17 مئی کو شروع کی اور 8 ستمبر کو ریکیاوک پہنچ کر اختتام کیا۔ چار ماہ پر مشتمل اس سفر میں انہیں منجمد پانی، بلند و بالا لہروں اور خطرناک سمندری حیات جیسے مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایجلی کے مطابق یہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا اور کٹھن چیلنج تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئس لینڈ نے انہیں اپنی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کو آزمانے کا شاندار موقع دیا اور یہ تجربہ ان کی زندگی کا ناقابلِ فراموش حصہ رہے گا۔
انتہائی سخت حالات کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ مسلسل کھارے پانی کے اثرات سے ان کی زبان متاثر رہی، مگر وہ تیرتے رہے۔ توانائی بحال رکھنے کے لیے وہ روزانہ 10 ہزار سے 15 ہزار کیلوریز تک خوراک استعمال کرتے رہے۔
یہ کامیابی انہیں نہ صرف دنیا کے منفرد تیراکوں میں شامل کرتی ہے بلکہ یہ مہم انسانی حوصلے اور برداشت کی ایک شاندار مثال بھی بن گئی ہے۔