اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر عثمان شنواری نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔
32 سالہ عثمان شنواری نے اپنے کیریئر میں ایک ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ وہ 2018 کے ایشیا کپ اسکواڈ کا بھی حصہ تھے۔
شنواری نے ون ڈے فارمیٹ میں 34 اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔ اگرچہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں صرف ایک موقع ملا، تاہم وہ اپنی جارحانہ بولنگ اور ابتدائی اوورز میں بریک تھرو دلانے کی صلاحیت کے باعث نمایاں رہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان کی ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عثمان شنواری نے پاکستان کرکٹ کے لیے اپنی بہترین خدمات انجام دیں اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔