بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر رانا ثنا اللہ کامیاب

پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر وزیراعظم کے مشیر اور ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر اسمبلی ہال میں پولنگ ہوئی۔ گنتی مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسر نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے حکومتی اتحاد کے امیدوار رانا ثنا اللہ نے کامیابی حاصل کی۔ انہیں 250 ووٹ ملے اور ایک ووٹ مسترد ہوا۔ کامیابی کے لیے امیدوار کو 181.5 ووٹ درکار تھے۔
پنجاب اسمبلی کے 371 اراکین پر مشتمل ایوان میں کامیابی کے لیے امیدوار کو 181.5 ووٹ درکار تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر اور سینئر مسلم لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کے حق میں 251 حاصل کر کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق کامیاب قرار پائے۔
سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سلمیٰ اعجاز امیدوار تھیں۔ تاہم پولنگ شروع ہونے سے قبل پی ٹی آئی نے ان الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے اراکین سمیت اپوزیشن اتحاد کا کوئی رکن ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لے گا۔
ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے واضح کیا تھا کہ کسی بھی رکن نے اسمبلی جاکر ووٹ کاسٹ کیا تو وہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہو جانے کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
سینیٹ کی پنجاب سے یہ جنرل نشست پی ٹی آئی کے اعجاز احمد چوہدری کے 9 مئی کیس میں سزا ملنے کے بعد ان کے نا اہل ہونے کے باعث خالی ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 ارکان پر مشتمل ہے۔ تاہم اس وقت صرف 363 ہیں اور 8 نشستیں خالی ہیں۔ ان میں 6 پی ٹی آئی ارکان نااہل قرار پائے جب کہ 2 نے تاحال حلف نہیں لیا۔
پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے 229، پیپلز پارٹی کے 16، آئی پی پی کے 7، مسلم لیگ ق کے 11 ووٹ ہیں۔ اپوزیشن میں سنی اتحاد کونسل کے 73 اور تحریک انصاف کے 24 ووٹ شامل ہیں جب کہ تحریک لبیک، مسلم لیگ ضیا اور مجلس وحدت المسلمین کے پاس ایک ایک ووٹ ہے۔