وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہائبرڈ نظام پاکستان کے لیے مفید ہے اور اس کے ذریعے سول اور ملٹری قیادت کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے، تاہم کچھ عناصر کو یہ نظام قبول نہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ ہائبرڈ سسٹم کی بدولت پاکستان میں فیصلہ سازی میں تسلسل اور استحکام آیا ہے، لیکن بدقسمتی سے چند حلقے اس نظام پر تنقید کر کے ذاتی ایجنڈا آگے بڑھا رہے ہیں۔
فوج اور حکومت کا تعاون ملک کے لیے سودمند ہے
وزیر دفاع نے فیلڈمارشل سیدعاصم منیر کے امریکا کے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں اور پاک-امریکا تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔ یہ پیش رفت کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہی، کیونکہ وہ پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔
بھارت کبھی ہمارا خیر خواہ نہیں ہو سکتا
خواجہ آصف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دیرینہ حریف ہے اور کبھی نہیں چاہے گا کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنا مؤقف مضبوطی سے پیش کرے، لیکن ہم ہر فورم پر اپنے قومی مفادات کا بھرپور دفاع کریں گے۔
کالا باغ ڈیم پر سیاست نے قوم کو نقصان پہنچایا
خواجہ آصف نے کالا باغ ڈیم کے متنازع منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ کوئی تکنیکی مسئلہ نہیں، لیکن گزشتہ 50 برس سے اسے صرف سیاسی اختلافات کی بھینٹ چڑھایا گیا ہے۔ اگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اس منصوبے کی حمایت کرتے ہیں تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔
سیلاب سے بچاؤ کے لیے عملی اقدامات ناگزیر
وزیر دفاع نے حالیہ سیلابی تباہ کاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم دریاؤں کے کنارے اور بندوں پر غیر قانونی تعمیرات روک دیں تو 50 فیصد مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھرپور اقدامات کریں گی۔
ہائبرڈ نظام پاکستان کے مفاد میں ہے، کچھ لوگوں کو اس پر اعتراض ہے، خواجہ آصف








