کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم اس وقت شہر کے مغرب میں تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کے اسپیلز بھی متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ماہر انجم نذیر ضیغم نے بتایا کہ یہ ڈپریشن مزید کمزور ہو کر طاقتور کم ہوا کے دباؤ یعنی “ویل مارک ایریا” میں تبدیل ہوگا اور جمعرات کو بحیرہ عرب کی جانب منتقل ہو جائے گا۔
سسٹم کے سمندر کی طرف جانے کے بعد کراچی میں بارشوں کی شدت کم ہو جائے گی اور شہر میں ہلکی بارش، پھوار یا بونداباندی کا امکان باقی رہے گا۔ تاہم، آج شام اور رات کے دوران بعض علاقوں میں تیز بارش کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ موجود ہے، جبکہ بارش کے دوران تیز ہوا کے جھکڑ چلنے کا امکان بھی ہے۔
انجم نذیر ضیغم کے مطابق یہ سلسلہ جمعرات کی رات کے بعد مزید کمزور پڑ جائے گا اور موسم نسبتاً بہتر ہو جائے گا۔









