بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور سے جدہ جانے والے عمرہ زائرین کو دو پروازوں میں ہنگامی صورتحال کا سامنا

کراچی(نیوز ڈیسک) لاہور سے جدہ روانہ ہونے والے عمرہ زائرین گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو الگ الگ ہنگامی صورتحال سے دوچار ہوگئے۔

ایئرلائن کے مطابق پہلی پرواز پی اے 470، ایئربس اے 320، رات گئے لاہور سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی تھی، تاہم دورانِ پرواز موسمی ریڈار میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ پائلٹ نے طیارے کو بحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔ بعد ازاں تمام مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا اور طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔ انتظامیہ نے متبادل طیارے کا بندوبست کیا۔

منگل کی رات ساڑھے 9 بجے زائرین کو دوبارہ جدہ کے لیے روانہ کیا گیا، مگر پرواز کو ایک اور حادثاتی صورتحال پیش آگئی۔ ٹیک آف کے چند لمحوں بعد ہی طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔ پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دی اور احتیاطی اقدام کے طور پر طیارہ دوبارہ کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق دوسرا طیارہ بھی مکمل معائنے کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، جبکہ زائرین کو لاؤنج منتقل کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مسافروں کو جلد ہی ایک اور متبادل پرواز کے ذریعے جدہ روانہ کر دیا جائے گا تاکہ ان کے عمرے کی ادائیگی میں مزید تاخیر نہ ہو۔