بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے حکومت اور جائیکا کے مشترکہ اقدامات کا اعلان

کراچی (نیوز ڈیسک) سندھ میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے زرعی شعبے کو پہنچنے والے نقصان کے بعد صوبائی حکومت اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) نے متاثرہ کسانوں کی بحالی کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

سیکریٹری زراعت سندھ محمد زمان ناریجو کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت، جائیکا کے چیف ایڈوائزر ماساہیرو کاوامورا، ھیدی کازو تنی مورا اور محکمہ زراعت کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ فصلوں اور اراضی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل زراعت نے بتایا کہ کپاس، تل، سبزیاں اور دیگر فصلیں شدید متاثر ہوئی ہیں جبکہ تقریباً 4 لاکھ ایکڑ کچے کا علاقہ سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

اجلاس میں سندھ اسمال ہولڈر ہارٹیکلچر فارمر امپروومنٹ پروگرام کے تحت سالانہ ورک پلان اور متاثرہ کسانوں کی فوری بحالی کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

سیکریٹری زراعت نے ہدایت دی کہ ہنگامی بنیادوں پر عملی حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ زرعی معیشت کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے متاثرہ کسانوں کے لیے بینظیر ہاری کارڈ کی رجسٹریشن تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ مالی معاونت جلد از جلد فراہم کی جا سکے۔

اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور جائیکا کے مشترکہ اقدامات سے کسانوں کی مشکلات کم ہوں گی اور زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز کا مؤثر حل نکالا جائے گا۔