اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران وارنٹ جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ گنڈا پور کو گرفتار کر کے 17 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
سماعت کے آغاز میں ان کی جانب سے کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔ بعد ازاں ان کے وکیل راجا ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے اور وارنٹ معطل کرنے کی استدعا کی۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اگر ملزم عدالت میں پیش ہو تو وارنٹ منسوخ کر دیے جائیں۔
جج نے ریمارکس دیے کہ آپ ملزم کو پیش کریں، میں وارنٹ منسوخ کر دوں گا۔ وکیل نے کہا کہ میڈیا پر خبر چلنے سے موکل کی سبکی ہو چکی ہے۔ جس پر عدالت نے جواب دیا کہ میڈیا کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، اگر آپ کا کوئی جونیئر بھی تاریخ لے لیتا تو کیس رکھ لیتا۔
عدالت نے وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وارنٹ برقرار رکھے اور مقدمے کی آئندہ سماعت 17 ستمبر مقرر کردی۔ یہ مقدمہ تھانہ بارہ کہو میں درج ہے جس میں علی امین گنڈا پور کو نامزد کیا گیا ہے۔