اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج لوگ ملک میں زہریلا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، پراپیگنڈے کرنے والے فتنے کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے دلیر آفیسر میجر عدنان اسلم نے دہشتگردوں کے مقابلے میں جام شہادت نوش کیا، کل راولپنڈی جی ایچ کیو میں میجر عدنان اسلم شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی، شہید کے والد سے ملاقات ہوئی تو ان کا جذبہ بہت بلند تھا۔
انہوں نے کہا کہ میجر عدنان اسلم نے وطن کیلئے اپنی جان قربان کی، جو بندوق اور توپ کے سامنے کھڑا ہوتا ہے اس کی کیفیت کوئی نہیں جان سکتا، ہمیں اپنی افواج پاکستان، شہدا اور غازیوں کے شکر گزار ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید کی بہنوں نے مجھے بتایا کہ ہم ایک بہت دلیر بھائی کی بہنیں ہیں، ہمارے بھائی نہیں عظیم راہ میں قربانی دی ہے اور ہم بھی اسی راہ میں قربانی دیں گے، یہ وہ جذبہ ہے جس کی ایک مثال میں نے یہاں پیش کی ہے، صرف میجر عدنان نہیں بلکہ کئی سپائی، لانس نائیک، میجر، کرنل سمیت دیگر نے اپنی قربانیوں سے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، وہ پاکستان کے دشمنوں سے لڑرہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج لوگ ملک میں زہریلا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پر اداروں کی تضحیک کی جا رہی ہے، ہمیں پروپیگنڈا کرنے والے فتنے کی مکمل طور پر بیخ کنی کرنی ہوگی، بیرون ملک اور پاکستان میں موجود فتنے کی شناخت اور خاتمہ کرنا ہوگا، ہمیں آخری حد تک جا کر اس دہشتگردی اور فتنے کا سرکچلنا ہوگا، سکیورٹی فورسز نے قربانی کی تاریخ رقم کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب نے پورے ملک میں بڑی تباہی مچائی ہے، سیلاب نے پنجاب میں تباہی مچائی اب سندھ میں داخل ہو رہا ہے، وزیر موسمیاتی تبدیلی کو ذمہ داریاں دی ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان اکیلا نہیں نمٹ سکتا،تقریباً ایک ہزار پاکستانی سیلاب کی نذر ہو چکے ہیں، پنجاب میں ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب ہیں، اللہ کرے سیلاب سے سندھ میں نقصانات کم ہوں، فصلوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے اورکابینہ میں اس پر غور کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کہ میرا حالیہ دورہ چین بہت کامیاب رہا، کامیاب دورہ چین پر کابینہ کے تمام ممبران کو مبارکباد دیتا ہوں، دورہ چین کے دوران بزنس کانفرنس انتہائی مفید اورمؤثر رہیں، دورہ چین کے دوران ایس سی او اجلاس میں شرکت اور دوطرفہ ملاقاتیں کیں، چین اقتصادی اور عسکری قوت بن چکا ہے، جس کا عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، سی پیک فیز ٹو کے خدوخال، زراعت، بی ٹو بی انویسٹمنٹ، خصوصی اقتصادی زونز کے کے ایچ فنانشل ماڈل کا اعلان کیا جائے گا، منصوبوں میں 85 فیصد سرمایہ کاری چین، 15 فیصد پاکستان کی ہوگی، این ڈی آرسی کے آئندہ اجلاس میں سی پیک ٹو کا باقاعدہ اعلان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کل امریکا کی کمپنیوں کے ساتھ بھی ایم اویوز سائن کئے ہیں، ہم نے امریکا کے ساتھ بھی اچھے تعلقات بنانے ہیں، چین کے ساتھ بھی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے، نوازشریف کی حکومت میں ہم نے ایل این جی کے 5 پلانٹس لگائے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کل اسرائیل نے قطر میں سفاکانہ حملہ کیا، اسرائیل نے کل پھر جارحیت کی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، فلسطین میں بچوں، بزرگوں اور خواتین کا قتل عام جاری ہے، کل امیر قطر سے خود بات کی، انہوں نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا، شہید کی بہنوں نے کہا ہم بھی وطن کی خاطر شہید ہونا چاہتے ہیں۔