ایشیا کپ 2025 کا رنگ جم چکا ہے، اور دوسرے ہی میچ میں بھارت نے یو اے ای کو ایسی یکطرفہ شکست دی کہ میدان میں یکطرفہ مقابلے کا سماں بندھ گیا۔ سوریا کمار یادیو کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے 9 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے ایونٹ میں اپنا فاتحانہ سفر شروع کر دیا۔
دبئی کے بین الاقوامی اسٹیڈیم میں بھارت نے ٹاس جیتا اور پہلے یو اے ای کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ یو اے ای کی بیٹنگ لائن بھارتی بالرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی، اور پوری ٹیم صرف 13.1 اوورز میں 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
یو اے ای کے اوپنرعلیشان (22) اور کپتان محمد وسیم (19) کے علاوہ کوئی بھی بلے بازڈبل فیگر میں نہ جا سکا۔بھارت کی طرف سےکلدیپ یادیو نے 4 اور شیوام دوبے نے 3 وکٹیں اڑا کر حریف ٹیم کی بیٹنگ کا کمر توڑ دیا۔
جواب میں بھارت نے ہدف کا تعاقب بھی اتنی ہی جارحانہ انداز میں کیا۔ابھیشیک شرما 30 رنز بنا کر واحد وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے، جبکہ شبمن گل (20) اور کپتان سوریا کمار یادیو (7) نے صرف 4.3 اوورز میں 58 رنز بنا کر ہدف حاصل کر لیا۔
واضح رہے کہ بھارت اور یو اے ای گروپ اے میں شامل ہیں، اور ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو دبئی میں متوقع ہے، جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔
بھارت نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے روند ڈالا
