اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مجھے وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ نواز شریف کا تھا، وزیراعظم نے جو ذمہ داری دی وہ بنھا رہا ہوں، اتحادی بھی میری حمایت کرتے ہیں، خواجہ آصف، ایاز صادق اور شاہد خاقان عباسی میرے سپورٹر ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مجھے بجٹ بنانے اور آئی ایم ایف سے بات کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی، جب حکومت سنبھالی تو بہت مشکلات تھیں، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانا تھا وہ ہم نے کیا، تاریخ کہے گی کہ مفتاح اسماعیل نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ کیا تو میری اور اسحاق ڈار کی رائے مختلف تھی، اسحاق ڈار کیا چاہا رہے ہیں یہ وہی بتا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر مشکل فیصلے کئے، وزیراعظم تو میرے ساتھ آنے والے کافی دنوں کے پلان بنا رہے ہیں، پیٹرولیم لیوی بڑھانے کا فیصلہ وزیراعظم 30 جون کو کریں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ میں سیلز ٹیکس بڑھانے کے حق میں نہیں ہوں، میں نے شہباز شریف کے بیٹوں کی کمپنیوں پر ٹیکس لگایا ہے، میں نے اپنی کمپنی پر بھی ٹیکس لگا یا ہے، 10 فیصد ٹیکس سے مشکلات ہو سکتی ہیں لیکن ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پی آئی اے کے حوالے سے دوست ممالک سے بات کی ہے، اگر دوست ممالک نے پی آئی اے نہ خریدی تو کچھ اور سوچیں گے، اسٹیل ملز اور پی آئی اے اگر کوئی ہم سے ایک روپے میں خرید لے تو بہت فائدہ مند ہے، انہیں کوئی نہیں خریدے گا کیونکہ ان کی ایکویٹی مائنس میں چل رہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ اس وقت اسٹیل ملز کا مسئلہ زیادہ اہم ہے، اسٹیل ملز پر 2 روز پہلے بھی اجلاس کیا تھا، انہیں کام کرنے کو کہا ہے، 19 ہزار میں سے ساڑھے 4 ہزار ایکڑ اراضی لیز پر دے رہے ہیں، اسٹیل ملز کی جو اصل جگہ ہے اسے الگ کر رہے ہیں، اسٹیل ملز کا قرض کسی اور کمپنی پر منتقل کر رہے ہیں، ہم اس سال کے آخر تک کچھ نہ کچھ پرائیویٹائز ضرور کریں گے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 40 ڈالرز کی ایل این جی آر ہی تھی، ہمارے دور میں ایل این جی 10،12 ڈالرز کی تھی، آج کل ایل این جی کی مارکیٹ میں قلت ہے، تین مہینوں میں ہمیں تھوڑی سی کامیابی ملی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال کی نسبت امپورٹ کو 15 فیصد کم کیا ہے۔
ڈار کیا چاہتے وہی بتا سکتے ہیں،خواجہ آصف، ایاز صادق ، شاہد خاقان میرے سپورٹر ہیں، مفتاح اسماعیل








