اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزاروں خاندان بے گھر اور روزگار سے محروم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کام صوبائی حکومت، مسلح افواج اور فلاحی اداروں کے تعاون سے پوری توانائی کے ساتھ جاری رکھنے چاہئیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ سیلاب سے زراعت اور لائیو اسٹاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، اسی وجہ سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی درخواست پر ملک میں زرعی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ ان کے مطابق زرعی ایمرجنسی کا مقصد کسانوں کا تحفظ اور غذائی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے عوام سے اتحاد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ علاقوں کی فوری ضروریات اور طویل مدتی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔