بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فلسطینی عوام کو حق خود ارادیت حاصل ہے، پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا: عاصم افتخار

نیویارک (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو حق خود ارادیت حاصل ہے اور پاکستان ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے فلسطین کے مسئلے کے پرامن حل اور دو ریاستی فارمولے کے نفاذ سے متعلق “نیو یارک اعلامیہ” کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ یہ اعلامیہ 28 تا 30 جولائی 2025 کو نیویارک میں منعقدہ اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس کے نتیجے میں منظور ہوا۔

پاکستانی مندوب کے مطابق اس اقدام کے ذریعے پاکستان نے ایک بار پھر اپنی دیرینہ اور اصولی پالیسی دہرائی ہے کہ فلسطینی عوام ایک آزاد، خود مختار اور متصل ریاست قائم کریں جس کی سرحدیں 1967 سے پہلے کی بنیاد پر ہوں اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ یہ موقف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ہے۔

سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ “نیو یارک اعلامیہ” کی توثیق ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے پرعزم رہا ہے۔

پاکستان نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی بھی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں 64 ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔