بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

میڈیا صرف سیاست دانوں کا احتساب کرتا ہے، خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں احتساب صرف سیاست دانوں تک محدود ہے، جبکہ دیگر طاقتور طبقات کو تنقید سے مبرا سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیاست دانوں کے بھی اچھے اور برے دن آتے ہیں، مگر جج حضرات کے’’میٹر‘‘ ہمیشہ چلتے رہتے ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ نئی نئی ‘دکانیں کھول لیتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بیشتر اراکین پارلیمنٹ لاجز کے چھوٹے سے دو کمروں میں اپنی سیاسی زندگی گزار دیتے ہیں، جن کی مرمت بھی دہائیوں سے نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ قومی اسمبلی کے ارکان کی تنخواہیں حال ہی میں بڑھا کر ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی گئی ہیں، مگر ان کی سیکیورٹی کی صورتحال افسوسناک ہے۔’’زیرو سیکیورٹی‘‘۔
انہوں نے ججوں کی مراعات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں ایک ٹینک سیکیورٹی کے لیے دیا جائے، تو وہ دوسرا بھی مانگ لیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خواجہ سعد رفیق نے بھی ریٹائرڈ ججوں کی مراعات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججز کے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد تین سیکیورٹی گارڈز کی فراہمی عام آدمی کے ساتھ ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق ریٹائرڈ جج صاحبان پہلے ہی بھاری پنشن، مراعات اور سیکیورٹی حاصل کر رہے ہیں، اور اگر ہر جج کے لیے 3 گن مین 8-8 گھنٹے کی تین شفٹوں میں رکھے جائیں، تو ایک جج کو 9 پولیس اہلکار فراہم کرنے پڑیں گے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ ایک غریب ریاست کی بساط سے باہر ہے، اور اشرافیہ کے لیے مراعات کا یہ سلسلہ اب رک جانا چاہیے۔