بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیپال: عبوری پی ایم کی سفارش پر پارلیمنٹ تحلیل، عام انتخابات کا اعلان

نیپال میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا ہے جہاں ملک کی پہلی خاتون چیف جسٹس سشیلا کارکی کے عبوری وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعدپارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا گیا ہے اورنئے عام انتخابات 5 مارچ 2026کو کرانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
صدارتی دفتر سے جاری بیان کے مطابق، پارلیمنٹ کی تحلیل کا فیصلہ عبوری وزیراعظم کی سفارش پر کیا گیا۔ عبوری وزیراعظم سشیلا کارکی بدعنوانی کے خلاف سخت مؤقف اور سپریم کورٹ کی سابق چیف جسٹس کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ منصب پر رہتے ہوئے انہوں نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی، تاہم بعد ازاں عوامی دباؤ پر ان کے خلاف مواخذے کی تحریک ناکام ہو گئی اور انہوں نے خود استعفیٰ دے دیا تھا۔
ادھرفوج نے دارالحکومت کھٹمنڈو کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ سیاسی بے چینی کے باعث سابق وزرائے اعظم، کابینہ ارکان، پارلیمنٹ اور عدالتوں کی عمارتوں کو نذرِ آتش کیا جا چکا ہے۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں کئی دنوں سے جاری احتجاج اور بدامنی میں اب تک 51 افراد ہلاک اورسینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ، صدارتی محل اور دیگر اہم سرکاری عمارتوں پر حملے کیے، جبکہ سوشل میڈیا پر پابندی کے باوجود ملک گیر مظاہرے جاری رہے۔ احتجاج میں درجنوں گاڑیاں اور عمارتیں جلا دی گئیں، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔
احتجاج کی بڑی وجوہات بدعنوانی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری بتائی جا رہی ہیں، جس نے عوامی غصے کو ملک گیر تحریک میں تبدیل کر دیا۔
ادھر وزیرداخلہ رمیش لیکھک، وزیر زراعت رامناتھ ادھیکاری اور دیگر اہم وزراء نے استعفیٰ دے دیا ہے، جبکہ وزیراعظم کھگندر پرساد اولی بھی مستعفی ہو چکے ہیں۔ فوج نے اہم وزراء کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔صدررام چندر پاؤڈل نے عوام سے پرامن رہنے اور خون خرابے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔