بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دریائے چناب پر بند ٹوٹنے سے درجنوں بستیاں زیرِ آب، ہزاروں افراد متاثر

شجاع آباد: دریائے چناب پر’’سپر بند ٹوٹنے‘‘ کے باعث سیلابی پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہو گیا، جس سےدھندوں، وینس، گردیز پور، طاہر پور، صدیق ولا، بستی مٹھو، بستی عالم بلوچواں سمیت درجنوں دیہات زیرِ آب آ گئے۔
سیلابی صورتحال کے باعث نواں شہر، بڑا کھو اور دیگر علاقوں کا شہر سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے جبکہ سڑکیں مکمل طور پر ڈوب گئی ہیں۔ پانی کا بہاؤ تیزی سےشجاع آباد شہر کی طرف بڑھ رہا ہے۔
متاثرہ علاقوں سے ہزاروں افراد کی نقل مکانی جاری ہے، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بچوں اور مال مویشیوں کے ساتھ محفوظ مقامات کی جانب جا رہے ہیں۔ فصلیں، خصوصاً مکئی، دھان، کپاس اور سبزیاںبڑے پیمانے پر تباہ ہو چکی ہیں۔
ادھرپی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریاؤں میں شدید سیلاب کے باعث 100 افراد جاں بحق جبکہ45 لاکھ 70 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ 5 لاکھ سے زائد افراد اور 20 لاکھ جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ریلیف کمشنر نبیل جاوید کے مطابق پنجاب میں 392 ریلیف، 493 میڈیکل اور 422 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
مزید براں،تربیلا ڈیم مکمل جبکہ منگلا 93 فیصد بھر چکا ہے، بھارت میں بھی دریائے ستلج کے ڈیمز قریباً اپنی گنجائش کے مطابق بھرے ہوئے ہیں، جس سے خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔