بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مظفرگڑھ: لوڈر رکشے کی ٹکر سے “امیر ترین بھکاری” شوکت جاں بحق

مظفرگڑھ کے نواحی علاقے موضع جھینگر میں ایک افسوسناک حادثے میں شوکت نامی بھکاری جاں بحق ہو گیا، جسے اہلِ علاقہ “امیر ترین بھکاری” کے نام سے جانتے تھے۔

پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب شوکت موٹرسائیکل پر سوار تھا اور ایک لوڈر رکشے نے اسے ٹکر مار دی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ شوکت تین بچوں کا باپ تھا اور کئی سالوں سے پیشہ ور بھکاری کے طور پر پہچانا جاتا تھا، مگر اس کی کہانی عام بھکاریوں سے مختلف تھی۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ شوکت نہ صرف اردو، پنجابی اور انگریزی روانی سے بولتا تھا بلکہ اس کے پاس کئی ایکڑ زرعی زمین بھی موجود تھی۔ وہ ایک بار سوشل میڈیا پر اس وقت وائرل ہوا جب اس کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں اس نے اعتراف کیا کہ وہ بھیک مانگ کر لاکھوں روپے کما چکا ہے۔

ویڈیو میں شوکت نے بتایا تھا کہ وہ روزانہ ملتان جا کر تقریباً ایک ہزار روپے کماتا ہے اور مہینے کے آخر میں 30 ہزار روپے بینک میں جمع کرا دیتا ہے۔ اس کا کہنا تھا:
“آج کل کے دور میں کسی کے پاس ایک روپیہ کھلا نہیں ہوتا، اسی لیے لوگ 10، 20 روپے دے دیتے ہیں۔”

شوکت کی زندگی جہاں کئی سوالات چھوڑ گئی، وہیں اس کی موت بھی ایک سماجی حقیقت کی تلخ جھلک دکھا گئی — کہ غربت صرف ظاہری نہیں، بلکہ اس کے کئی روپ ہوتے ہیں۔