وزیراعظم محمدشہبازشریف نے سیلاب متاثرہ افراد کےلئے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی بل معاف کئےجا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے بڑی تباہی ہوئی ،گھروں اور مال مویشیوں کو بھی بڑا نقصان ہوا ، سیلاب اور شدید بارشوں کی وجہ سے بڑا جانی نقصان ہوا ، سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی بل معاف کئےجا رہے ہیں، گھریلو بجلی صارفین کو اگست کے بل ادا نہیں کرنے پڑیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ ہمیں سیلاب متاثرین کی مشکلات کا اندازہ ہے مشکل وقت میں وفاقی حکومت بجلی بلوں کی ادائیگی کرے گی، یہ سیلاب متاثرین پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے جو سیلاب متاثرین اگست کا بل ادا کرچکے انہیں رقم واپس کی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں زرعی ،کمرشل اور صنعتی صارفین کے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، زرعی ،کمرشل اور صنعتی صارفین کےبجلی بل کی وصولی موخر کی جارہی ہے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو بلوں سے متعلق ہدایات جاری کر دی گئی ، سیلاب زدہ علاقوں میں وفاقی حکومت اپنے وسائل سے بجلی بل ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے حقیر سی کوشش کی جس سے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں کمی ہو گی، سیلاب متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی کا عزم کرتے ہیں ،سیلاب متاثرہ ہرشخص کو جب تک دوبارہ اپنےگھر آباد نہیں کرتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیراعظم کا سیلاب متاثرہ افراد کےلئے ریلیف پیکج کا اعلان








