ملتان(نیوز ڈیسک)اپوزیشن اتحاد نے وزیراعظم عمران خان کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے 48 گھنٹے میں اسپیکرپنجاب اسمبلی کو عدم اعتماد تحریک پیش کردی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں عدم اعتماد کی قرارداد کا ڈرافٹ آج تیار کرلیا جائے گا۔
یاد رہے گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے 40 سے زائد اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں تھیں ، جس میں اراکین اسمبلی نے عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے، میرے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں ہے۔
دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ گروپ کے تمام ارکان مائنس بزدار پر متفق ہیں اس کے بغیر بات آگے نہیں بڑھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلے سے متعلق تمام اختیارات جہانگیرترین کے پاس ہیں کوئی بغاوت نہیں ہے،کوئی رکاوٹ نہیں ہے ہم ایک مینڈیٹ لے کر آئے ہیں توقعات کو مدنظر رکھ کرپی ٹی آئی کیلئےاچھاسوچ رہےہیں، پنجاب اسمبلی میں جہانگیرترین گروپ کی تعداد تیسرے نمبر پر ہے۔