بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سدرہ امین کے شاندار سنچری کے بعد 6 کا اشارہ، بھارتی سوشل میڈیا پر ہنگامہ

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی اسٹار بیٹر سدرہ امین نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مسلسل دو ون ڈے میچز میں سنچریاں اسکور کر کے نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا۔ تاہم ان کی سنچری کے بعد کیا گیا ایک اشارہ بھارتیوں کو خاصا ناگوار گزرا۔
سدرہ امین نے پہلے ون ڈے میں 121 رنز جبکہ دوسرے میچ میں 122 رنز کی اننگز کھیل کر نہ صرف پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا بلکہ اپنی چھٹی ون ڈے سنچری بھی مکمل کی۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ مسلسل دو ون ڈے سنچریاں بنانے والی پہلی پاکستانی اور دوسری ایشیائی ویمن کرکٹر بن گئی ہیں۔

جب سدرہ نے اپنی چھٹی سنچری مکمل کی تو انہوں نے خوشی کے اظہار کے طور پر ہاتھوں سے چھ کا اشارہ کیا۔ اس سادہ سے جشن نے بھارتی سوشل میڈیا صارفین کو سیخ پا کر دیا، جنہوں نے اس اشارے کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سدرہ امین کرکٹ میں “سیاست گھسیٹ رہی ہیں”۔
بھارتیوں کو یاد آیا فضائی معرکہ؟
دلچسپ بات یہ ہے کہ سدرہ کے کے اشارے کو کچھ بھارتی صارفین نے  معرکہ حق سے جوڑ دیا، جس میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے گئے۔
اسی پس منظر میں پاک فضائیہ کے ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد نے ایک بیان میں کہا تھا کہ معرکۂ حق میں پاک فضائیہ نے بھارت کو 6-0 سے شکست دی۔
بھارتی سوشل میڈیا معرکہ حق کوسدرہ کے اشارے سے جوڑتے ہوئے تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا، حالانکہ سدرہ کی طرف سے اس اشارے کی کوئی سیاسی وضاحت سامنے نہیں آئی۔
سدرہ کی کارکردگی نے تاریخ رقم کر دی
پاکستان ویمنز ٹیم کی تاریخ میں اب تک 10 ون ڈے سنچریاں اسکور کی گئی ہیں، جن میں سے اکیلی سدرہ امین نے 6 بنائی ہیں — جو کہ ان کی مستقل مزاجی اور اعلیٰ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
کرکٹ مبصرین اور سابق کھلاڑی سدرہ کی اس کارکردگی کو پاکستان ویمن کرکٹ کے لیے “گیم چینجر لمحہ” قرار دے رہے ہیں، جو نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔