بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ساہیوال کے عوام کے لیے 30 الیکٹرک بسوں کا اعلان

ساہیوال (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکہا کہ عوام کی محبت اور شاندار استقبال نے ان کا دل جیت لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ہمیشہ ساہیوال کو “بھائی وال” کہتے ہیں اور ان کی جانب سے عوام کے لیے خصوصی سلام اور محبت کا پیغام بھی لائی ہیں۔ مریم نواز نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن کے لیے کل 62 الیکٹرک بسیں فراہم کی جا رہی ہیں جن میں سے 30 صرف ساہیوال کے لیے مختص ہیں۔ ان بسوں کا کرایہ صرف 20 روپے رکھا گیا ہے، جبکہ خواتین، بزرگ شہری، طلبہ اور خصوصی افراد کے لیے یہ سہولت بالکل مفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدید ایئر کنڈیشنڈ الیکٹرک بسیں ماحول دوست ہیں، ان سے دھواں خارج نہیں ہوتا اور یہ شہریوں کو صحت مند فضا فراہم کرنے میں مدد دیں گی۔

ساہیوال میں الیکٹرک بس سروس کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بسوں میں خواتین کے لیے علیحدہ کمپارٹمنٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ وہ محفوظ اور باعزت سفر کر سکیں۔ خصوصی افراد کے لیے الیکٹرک ریمپ بنایا گیا ہے جس کے ذریعے وہ اپنی ویل چیئر کے ساتھ آسانی سے بس میں داخل ہو سکیں گے۔ نوجوانوں اور طلبہ کے لیے بسوں میں مفت وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے تاکہ وہ دورانِ سفر اپنے تعلیمی اور دیگر کام انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بس سروس صرف ساہیوال تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پنجاب کے دیگر چھوٹے شہروں میں بھی اسے فراہم کیا جا رہا ہے اور جہاں بھی یہ بسیں پہنچتی ہیں وہاں کے عوام خوشی کا اظہار ایسے کرتے ہیں جیسے عید کا سماں ہو۔

مریم نواز نے خطاب کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ افسران کو کامیاب منصوبہ بندی پر شاباش دی اور کہا کہ یہ بسیں چین سے منگوا کر کراچی کے راستے مختلف شہروں تک پہنچانا ایک مشکل اور بڑا کام تھا جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو سہولت دینا ہے تاکہ عام آدمی کو آرام دہ اور سستی سواری میسر آئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی تقریر میں صحت کے شعبے کے حوالے سے بھی اہم اعلان کیا اور بتایا کہ ساہیوال کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کیتھ لیب قائم کر دی گئی ہے جہاں کل سے انجیوگرافی اور انجیو پلاسٹی کا پہلا پروسیجر شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے سے یہاں دل کی سرجری بھی ممکن ہوگی، جس کے بعد ساہیوال کے مریضوں کو لاہور یا دیگر شہروں میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ سہولت ان کی ذاتی نگرانی میں قائم کی گئی ہے تاکہ عوام کو مقامی سطح پر بہترین علاج فراہم کیا جا سکے۔

اپنے خطاب کے دوران مریم نواز نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے حالیہ دوروں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بہاول نگر کے ایک ریلیف کیمپ میں متاثرہ خواتین نے اپنے نومولود بچوں کے نام نواز شریف اور مریم رکھے جس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ عوام اور نواز شریف کے درمیان محبت اور اعتماد کا رشتہ کتنا گہرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوامی جذبات اس بات کا ثبوت ہیں کہ نواز شریف کا رشتہ عوام کے ساتھ ٹوٹنے والا نہیں بلکہ وقت کے ساتھ اور مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ترقیاتی منصوبوں کا تذکرہ نواز شریف کے بغیر ممکن نہیں۔ پہلی موٹروے، پہلی میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین، ایکسپریس ویز اور ایٹمی دھماکے نواز شریف کی قیادت میں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی تاریخ سے نواز شریف کی خدمات نکال دی جائیں تو صرف کھنڈرات باقی رہیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی میٹرو بس سروس شروع کی جائے گی جبکہ ساہیوال میں گرین بس کا آغاز نواز شریف کی عوام سے محبت کی ایک اور مثال ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان کی حکومت کا مقصد عوام کو سہولتیں دینا اور ان کے مسائل حل کرنا ہے۔ عوام نے جس طرح ان کا استقبال کیا اور جس طرح خوشی کا اظہار کیا ہے، اس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ وہ عوامی خدمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور آئندہ بھی ایسے منصوبے جاری رہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاکہ پنجاب کی صفائی اور خوبصورتی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے “ستھرا پنجاب” ورکرز ان کے خصوصی شکریے کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے راستے ستھرا پنجاب کے اہلکار پھولوں کی بندیاں اور خیر مقدمی کارڈز اٹھائے کھڑے تھے جن پر تحریر تھا: “ہماری کفالت کرنے کا شکریہ، ہمیں روزگار دینے کا شکریہ”۔ مریم نواز نے کہا کہ اصل میں شکریہ ان کا نہیں بلکہ پنجاب بھر کا ان محنت کشوں کو ادا کرنا چاہیے جنہوں نے گلی محلوں، سڑکوں اور شہروں کو صاف ستھرا بنایا اور سیلاب جیسے مشکل حالات میں بھی دن رات عوام کی خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکرز دونوں ہاتھوں سے سلام کے قابل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ میری عوام سے پہلی ملاقات ہے اس وقت کے بعد جب ہم نے ایک بڑی جنگ جیتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور عسکری قیادت نے عوام کے ساتھ مل کر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح دشمن کا مقابلہ کیا اور بھارت کو شکست دی۔ مریم نواز نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں سربلند ہوا ہے اور آج ہمارا وطن مضبوط اور پرعزم کھڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب نے ہر موقع پر پاکستان کا ساتھ دیا۔ سعودی عرب کو انہوں نے محسن ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ سرزمین ہے جہاں بیت اللہ اور روزہ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہے، جو ہر مسلمان کے لیے مقدس اور محترم ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں پاکستان کی غیر معمولی مدد کی، جس پر پوری قوم ان کی شکر گزار ہے۔