بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

رانا ثنا اللہ کا بطور سینٹر انتخاب ان کی دیرینہ خدمات کا اعتراف ہے، سینیٹر عرفان صدیقی

سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کے لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین، سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ سینیئر مسلم لیگی رہنما، رانا ثنا اللہ خاں کا بطور سینیٹر انتخاب ان کی دیرینہ خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے آمریت اور جبر کے ہر دور میں اپنی جماعت اور قیادت سے پختہ وابستگی قائم رکھتے ہوئے باوقار دلیرانہ سیاست کی شاندار مثالیں قائم کیں جن پر ہر سیاسی کارکن کو فخر ہونا چاہیے۔ نو منتخب سینیٹر اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خاں نے   سینیٹر عرفان صدیقی سے ان کی اقامت گاہ پر ملاقات کی۔ پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے رانا ثنا اللہ کو ایوان بالا کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ پارلیمانی پارٹی کے لیے تقویت کا باعث بنیں گے اور ان کی وجہ سے ایوان میں ایک توانا آواز کا اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بطور پارلیمانی لیڈر آپ کی قیادت اور رہنمائی میں کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ آپ کی مدبرانہ اور دانشورانہ رہنمائی انتہائی عمدہ طریقے سے سینٹ پارلیمانی پارٹی کے معاملات سنبھالے ہوئے ہیں۔ ہم آپ کی مشاورت اور رہنمائی میں اعلی جمہوری روایات پروان چڑھانے اور ایوان کے تقدس کے لیے آپ کا بھرپور ساتھ دیں گے۔