بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مشترکہ سرحدکو محفوظ بنانے میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ،ایرانی صدر

تہران(ممتازنیوز)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے تہران میں ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایران کے صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی مسلح افواج نے مشترکہ سرحدوں پر مناسب سکیورٹی صورتحال قائم کی ہے ۔انہوں نے مشترکہ سرحدوں پر سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے میں تعاون پر پاکستان کی فوج اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان خوشگوار تعلقات میں سرحد پر سکیورٹی کی سازگار فضاقائم کی ۔افغانستان میں 20سال تک امریکہ اور نیٹو افواج کی موجودگی کا ذکرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو کی افواج نے ملک میں ہلاکتوں اور تباہی لانے کے سوا کچھ حاصل نہ کیا۔انہوں نے کہا کہ طالبان کو تمام گروپوں کی شمولیت کے ساتھ حکومت قائم کرتے ہوئے ملک میں امن اور ترقی کی بنیاد ڈالنے کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ میں ہمیشہ سے یہ سمجھتا ہوں کہ ایران پاکستان کا گہرا دوست ہے ، حالیہ عرصے میں پاکستانی حکام کے ایران کے متعدد سفارتی دورے اس بات کی غماز ہیں کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انہیں فروغ دینے دے رہا ہے ۔اس سے پہلے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاسداران انقلاب اسلامی کے چیف کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی سے ملاقات کی ۔ملاقات میں ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے پاکستان اور ایران کے درمیان اچھے تعلقات کی طویل تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی دنیا کے حصے کے طور پر دونوں ملکوں کے مشترکہ دشمن ہیں۔واضح رہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضاایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد بگھیری کی دعوت پر اتوار کی شام تہران پہنچے تھے ۔