بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت میں ریڈیو پاکستان ،پانچ پاکستانی سفارتخانوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بھارت میں ریڈیو پاکستان سمیت پانچ پاکستانی سفارتخانوں کے ٹوئٹر اکائونٹس بلاک کردیے گئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ریڈیو پاکستان کا بھارت میں ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا ہے جو معلومات تک رسائی اور آزادی اظہارِ رائے کے جمہوری حق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
پاکستان کے قومی نشریاتی ادارے کا اکاؤنٹ بلاک کرنے کی بنیادی وجہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو اجاگر کرنا ہے۔
ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان کے ترجمان چودھری ضمیر اشرف نے کہا کہ ریڈیو پاکستان بین الاقوامی صحافتی اقدار پر سختی سے کاربند ہے اور اس نے اپنی خبروں میں ہمیشہ حقائق اور مقصدیت کو مدنظر رکھا ہے۔
انہوں نے ٹوئٹر پر زور دیا کہ وہ بھارت میں اظہار رائے کی آزادی اور اطلاعات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ریڈیو پاکستان ٹوئٹر تک رسائی فوری طور پر بحال کرے۔
اس سے قبل دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے بھارت میں اقوام متحدہ، ترکی، ایران، مصر اور دیگر ملکوں میں پاکستان کے سفارتخانوں کے سرکاری اکاؤنٹس بلاک کرنے پر شدید تشویش ظاہر کی۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں اپنی آواز دوسرے لوگوں تک پہنچانے کی اجازت نہ ملنا اور معلومات تک رسائی میں رکاوٹ انتہائی تشویشناک ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مروجہ عالمی اقدار کا احترام کرنا چاہئے۔