وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ملک اور صوبے کی ترقی و خوشحالی مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔ وہ زوم کے ذریعے مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ چارسدہ کے یوتھ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کامیاب کنونشن کے انعقاد پر یوتھ ونگ چارسدہ کو مبارکباد دیتے ہوئے نوجوانوں کے جوش و جذبے کو سراہا اور کہا کہ یہی نوجوان پاکستان کا اصل سرمایہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) انسانیت سے محبت اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کے مشن پر گامزن ہے۔
انجینئر امیر مقام نے بعض سیاسی عناصر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ صرف پروپیگنڈہ پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جب کہ مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا واضح اور دو ٹوک ہے — “ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح”۔
انہوں نے کہا ملک نے قائد نواز شریف کی قیادت میں ہمیشہ ترقی کی راہ اپنائی ہے اور آج وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز اور پارٹی قیادت کی قیادت میں یہی سفر جاری ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ جلد خیبر پختونخوا میں بھی سیاسی تبدیلی آئے گی اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے یوتھ ونگ کے کارکنان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا پیغام گھر گھر پہنچانا قابلِ تحسین ہے، اور یہی شعور سیاسی تبدیلی کا پیش خیمہ بنے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔وفاقی حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف ذاتی طور پر گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
کنونشن میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علی خان یوسفزئی، سمیع اللہ برکی (صوبائی یوتھ آرگنائزر)، بابر سلیم خان (یوتھ کوآرڈینیٹر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام)، ارشاد علی خان (جنرل سیکرٹری صوبائی یوتھ)، انور خان، سجاد خان، عابد حسین خان، میاں معین شاہ سمیت پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔









