نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو بعد میں سنایا جائے گا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اگست 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی تھی۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ڈسکوز کے اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹر میں عوامی سماعت چیئرمین نیپرا کی زیر صدارت مکمل ہوگئی۔
نیپرا کی جانب سے کہا گیا کہ عوامی سماعت میں سی پی پی اے جی کے عہدے دار، بزنس کمیونٹی، وزارت توانائی کے نمائندوں، صحافی حضرات اور عوام نے شرکت کی۔
سی پی پی اے جی نے ایف سی اے کی مد میں 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کروائی تھی، اس کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہو گا۔
نیپرا کی جانب سے کہا گیا کہ اتھارٹی نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آرا کو تسلی سے سنا، اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔
واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اگست کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنےکی درخواست نیپرا میں دائر کی تھی۔
نیپرا کے مطابق ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ایک ماہ کے لیے کیا جائے گا جب کہ حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے-الیکڑک صارفین پر بھی ہوگا۔
اکتوبر کے بلوں میں اگست کی ماہانہ ایڈ جسٹمنٹ کا اطلاق کیے جانے کا امکان ہے، نیپرا نے رواں ماہ کے الیکٹرک کے لیے جون اور جولائی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
اس وقت کے الیکٹرک صارفین کو 2 ماہانہ ایڈجسٹمنٹس میں 2 روپے57 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف مل رہا ہے، جبکہ ملک کے ماندہ باقی صارفین کے لیے جولائی کی ماہانہ ایڈ جسٹمنٹ میں ایک روپے 79 پیسے فی یونٹ کی کمی کی گئی۔
علاوہ ازیں، ڈسکوز صارفین کو جولائی کی ایڈ جسٹمنٹ کا ریلیف رواں ماہ کے بلوں میں مل رہا ہے۔
ملک بھر میں بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
