بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان دشمنی میں بھارتی فوج نے سرحدی علاقے میں بکریوں کو ہلاک و زخمی کر دیا

بھارت کی پاکستان دشمنی نے نہ صرف انسانوں بلکہ معصوم جانوروں کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ سرحدی علاقے سنورانی (تحصیل ڈاہلی) میں بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی شہریوں کی بکریوں کو ہلاک اور شدید زخمی کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
واقعہ گزشتہ شام پیش آیا جب بھارتی فورسز نے سرحد عبور کرنے والی بکریوں کو نہ صرف واپس کرنے سے انکار کیا بلکہ ان پر بے رحمی سے تشدد بھی کیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں زخمی اور ہلاک بکریوں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
متاثرہ چرواہوں کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 5 بکریوں کو ہلاک کر دیا جبکہ کم از کم 15 بکریوں کی ٹانگیں تیز دھار آلے سے کاٹ دی گئیں۔ مقامی مویشی مالکان کا کہنا ہے کہ بکریوں نے غلطی سے سرحد عبور کی تھی، جیسا کہ اکثر ہوتا ہے، لیکن اس بار بھارتی اہلکاروں نے حد سے گزر جانے والی بربریت کا مظاہرہ کیا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات میں معمول کے مطابق بکریوں کو واپس کر دیا جاتا ہے، لیکن اس بار جانوروں پر ظلم کر کے بھارت نے انسانیت سوز رویے کی نئی مثال قائم کی ہے۔
یہ واقعہ نہ صرف انسانی حقوق بلکہ جانوروں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس پرعالمی برادری اور حقوق کے علمبردار اداروں کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔