بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئندہ سکور 0-6 سے بہتر، بھارت اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا: وزیر دفاع

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی اعلیٰ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے اشتعال انگیز بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دفعہ بھارت ان شاءاللہ اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجی اور سیاسی قیادت کے بیانات اپنی خاک میں ملی ساکھ کو بحال کرنے کی ناکام کوشش ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اتنی فیصلہ کن شکست کے بعد جس کا اسکور 0-6 رہا ہو اگر دوبارہ کوشش کی تو اسکور پہلے سے کہیں بہتر ہوگا، جس طرح بھارت میں عوامی رائے تاریخ کی بدترین شکست کے بعد حکومت کے خلاف ہوئی اور مودی اور اس کا ٹولہ جس طرح اپنی ساکھ کھو بیٹھا، اس کا پریشر لیڈر شپ کے بیانات سے ظاہر ہو رہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اللہ کے نام پہ بنی ریاست ہے، ہمارے محافظ اللہ کے سپاہی ہیں، اس دفعہ بھارت ان شاءاللہ اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا، اللہ اکبر۔

اس سے قبل ترجمان پاک فوج نے بھی بھارت کی اعلیٰ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے اشتعال انگیز بیانات پر ردعمل دیا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی سکیورٹی اداروں کے جارحانہ اور اشتعال انگیز بیانات انتہائی تشویش کے ساتھ نوٹ کیے ہیں، یہ غیر ذمہ درانہ بیانات جارحیت کے لیے من گھڑت بہانوں کی نئی کوشش ہے، ایسے بیانات سے جنوبی ایشیا میں امن کو سنگین خدشات لاحق ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی دھمکیاں گیدڑ بھبھکیوں کے سوا کچھ نہیں ہیں، مسلح افواج اپنے ملک کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

دریں اثناایک ٹی وی انٹرویومیں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی قیادت کے پاکستان کے خلاف بیانات ان کی مجبوری  ہے،انہیں سیاسی طور پر بہت نقصا ن ہواہے، یہ نقصان ہم نہیں پہنچارہے ، ہم نے جو نقصان پہنچاناتھاپہنچادیا،اب لوگ ان کے گریبان میں ہاتھ ڈال رہے ہیںِ اور پوچھ رہے کہ آپ بڑھکیں مارتے تھے اوربڑے بڑے دعوے کرتے تھے لیکن ملک کے ساتھ کیاگیا؟
انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت پر شدید دباؤ ہے،تنقیدکاسلسلہ تھم نہیں رہا ،پارلیمنٹ ہو،روایتی میڈیاہویا سوشل میڈیا، انہیں طعنے دیئے جارہے ہیں جب کہ وہاں الیکشن بھی زیادہ دورنہیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھارت عالمی سطح پر تنہائی کاشکارہورہاہے جب کہ  پاکستان کاخطے میں قدکاٹھ بڑھاہےاورمختلف فورمزاور ممالک کی طرف سے پاکستان کو پذیرائی مل رہی ہے۔
ایک سوال پر خواجہ آصف نے کہاکہ بھارت کی طرف سے مہم جوئی کوخارج امکان نہیں قراردیاجاسکتا،تاہم پوری طرح چوکس ہیں،عالمی سطح پر بھی مبصرین کہہ رہے ہیں کہ بھارت مہم جوئی کی پوزیشن میں نہیں  ہے لیکن چونکہ وہ بوکھلاہٹ کاشکارہیں اس لئے کوئی بھی توقع کی جاسکتی ہے۔
وزیردفاع نے کہاکہ پاکستان کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کاامکان صفرہے،اس حوالے سے کسی کو شک وشبہ نہیں ہوناچاہئے۔