فیصل آباد (نیوز ڈیسک)تاندلیانوالہ کے علاقے میں موسلادھار بارش کے باعث ایک مکان کی چھت زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 12 سالہ راحیلہ فاطمہ اور 8 سالہ ابوذر بن ظہور شامل ہیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 60 سالہ غلام فاطمہ بی بی، 35 سالہ سمیرا بی بی، 60 سالہ نورا بی بی، 8 سالہ حسنین فاطمہ، 4 سالہ ابوبکر، 3 سالہ دعا فاطمہ اور 10 سالہ آمنہ شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کردیا۔ اہل علاقہ کے مطابق بارش کے دوران خستہ حال چھت اچانک گر گئی جس سے گھر کے مکین ملبے تلے دب گئے۔
پولیس اور انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ جاں بحق بچوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا قائم ہے۔