پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے
سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ علی امین گنڈاپور نے علیمہ خان پر سنگین الزامات لگائے تھے، انہوں نے علیمہ خان پرپارٹی میں تقسیم کاالزام عائد کیا تھا۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ ہوں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سہیل آفریدی کو خیبر پختونخوا کا نیا وزیرِ اعلیٰ نامزد کیا گیا ، یہ بانیٔ پی ٹی آئی کا فیصلہ ہے جس کا پسِ منظر بھی بیان کیا گیا ہے، خیبر پختون خوا میں دہشت گردی کی بدترین صورتِ حال ہے، آج اورکزئی میں ہمارے جوان اور افسر شہید ہوئے، خیبر پختون خوا حکومت کو کہا گیا کہ وفاق کی غلط پالیسی سے خود کو دورے کرے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح افغان شہریوں کو بے دخل کیا گیا اس کی ضرورت نہیں تھی، بلاول بھٹو سوا سال وزیرِ خارجہ رہے، ایک بار بھی افغانستان نہیں گئے، خیبر پختون خوا حکومت خود کو وفاق کی غلط پالیسی سے دور نہ کر سکی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے بیٹھ کر مذاکرات کریں، توقع ہے کہ سہیل آفریدی وفاقی حکومت کی رہنمائی کریں گے اور اسے سمجھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرنی ہے، اعلان ہوتا ہے کہ علاقہ دہشت گردی سے پاک ہوگیا، چند دن بعد پھر واقعہ ہو جاتا ہے، سائفر کیس پہلے ہی ڈھیر ہوچکا ہے، اس کا اس فیصلے سے کوئی تعلق نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے علی امین کو استعفیٰ دینے کا حکم دیا ہے، سمجھتے ہیں کہ علی امین کے لیے بھی بہتر ہے کہ یہ عہدہ اب چھوڑ دیں، ہم نے ایک نئی پالیسی کا اعلان کرنا ہے، نئی شروعات کرنی ہے، کوئی دشواری نہیں ہو گی،علی امین استعفیٰ دیں گے اور اسمبلی سہیل آفریدی کو وزیرِ اعلیٰ منتخب کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کے خلاف متعدد مقدمات بنائے گئے ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی سمجھتے ہیں کہ اب پیغام نورین خانم پہنچائیں گی۔
ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپورنے عہدے سے مستعفی ہونے کااعلان کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق علی امین گنڈاپورنے کہاہے کہ نامزدوزیراعلیٰ سہیل آفریدی کوان کی حمایت رہے گی ۔
اس سے قبل، پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی تردید کی تھی۔
اعلیٰ تعلیم کے صوبائی وزیر سہیل آفریدی نے کہاکہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا علی امین گنڈا پور پر بھرپور اعتماد ہے اور وہ وزیر اعلیٰ ہیں اور رہیں گے۔
دوسری جانب، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’ایکس‘ پر وضاحتی بیان میں کہا کہ میں نے علی امین گنڈا پور کے بارے میں میڈیا کو کوئی بیان نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی بھی میڈیا ادارے سے یہ بات نہیں کی کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی خبر جعلی ہے یا یہ پارٹی کے خلاف کوئی سازش ہے، اس حوالے سے نجی ٹی وی نے خود وضاحت کردی ہے کہ انہوں نے جو خبر نشر کی تھی، وہ درست نہیں تھی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر اطلاعات زیر گردش تھیں کہ تحریک انصاف نے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے ہٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ سہیل ّآفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نیا وزیراعلیٰ بنایا جارہا ہے۔









