راولپنڈی(نیوزڈیسک)آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہاہے کہ پاکستان عالمی وعلاقائی امور میں چین کے کردار کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری بڑھانے کاخواہشمند ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے چینی کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور خارجہ امور کے بارے میں سنٹرل کمیٹی کے ڈائریکٹر یانگ جیاچی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،دفاعی اشتراک ،چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) پر پیشرفت اور علاقائی سلامتی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان عالمی وعلاقائی امور میں چین کے کردار کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری بڑھانے کاخواہشمند ہے۔انہوں نے اس موقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کے لئے پرعزم ہے۔چینی کمیونسٹ پارٹی کے رہنما نے پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی عملے کو محفوظ ماحول فراہم کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیااور علاقائی امن واستحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ تمام سطح پر سفارتی تعاون مزید بہتربنانے میں اپناکردارادا کرنے کا یقین دلایا۔
پاکستان چین کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری بڑھانے کاخواہشمند ہے،آرمی چیف








