بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دکانداروں سے 40ارب روپے ٹیکس لیں گے،مفتاح اسماعیل

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہم دکانداروں پر انکم اور سیلز ٹیکس دونوں فکس کر رہے ہیں، دکانداروں سے 40 ارب روپے ٹیکس لیں گے، آئی ایم ایف نے شرح سود میں اضافے کا نہیں کہا،21 بلین ڈالرز ہم نے واپس کرنے ہیں، پہلا کام ملک کو ڈیفالٹ میں جانے سے بچانا تھا، لوگوں نے میرے اوپر میمز بنائے، ایگری کلچر انکم پر ٹیکس لگانے کا اختیار صوبوں کے پاس ہے، وفاقی کے پاس نہیں ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت آج نہیں بڑھے گی، ہم دکانداروں پر انکم اور سیلز ٹیکس دونوں فکس کر رہے ہیں، دکانداروں سے 40 ارب روپے ٹیکس لیں گے، 30 لاکھ دکانوں کو اس سسٹم میں لے کے آ رہے ہیں، فکس ٹیکس چھوٹی دکانوں کیلئے ہے۔
مفتاح اسماعیل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ترین صاحب تو 400 ارب روپے کی سبسڈی چھوڑ کے گئے تھے مجھے تو وہ بھی نہیں ملے، ہم 5 سے 10 لاکھ نئی دکانوں کو ٹیکس نیٹ ورک میں لے کے آئیں گے، بہت سارے دیگر سیکٹرز کو بھی ہم ٹیکس نیٹ ورک میں لے کر آئیں گے، ملک کے ریونیو میں 33 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے، آئی ٹی ایکسپورٹ پر سیلز ٹیکس 0.25 فیصد ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف نے شرح سود میں اضافے کا ابھی نہیں کہا ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پیٹرو ل اورڈیزل پر سبسڈی نہ دیں، 21 بلین ڈالرز ہم نے واپس کرنے ہیں، 7 سے 8 بلین ڈالرز ہم نے چین اور سعودی عرب کو واپس کرنے ہیں، ہمارے پاس اس وقت ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے 8 بلین ڈالرزکے لون اپرو ڈ ہے، اس میں کچھ پراجیکٹ لون اور کچھ پالیسی لون ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مجھے خوف تھا کہ ہمارا ملک ڈیفالٹ نہ کر جائے، میرا پہلا کام اس ملک کو ڈیفالٹ میں جانے سے بچانا تھا، لوگوں نے میرے اوپر میمز بنائے، پچھلے سال وفاقی حکومت کا خرچہ 530 ارب روپے تھا، اس سال وفاقی حکومت کا خرچہ 556 ارب روپے ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ مجھے سابقہ حکومت نے چھ ماہ بے گناہ بند رکھا، ہم نے پہلی بار امیر ترین لوگوں پر10 فیصد ٹیکس بڑھایا، میں نے اپنے وزیراعظم کے بچوں کی فیکٹریوں پر ٹیکس لگایا، میں نے اپنے کاروبا ر پر ٹیکس لگایا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ایگریکلچر انکم پر ٹیکس لگانے کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس نہیں ہے، صوبوں کے پاس ہے، 50 ہزار روپے سے کم آمدن والوں پر ٹیکس ختم کرنے کی کوشش کروں گا۔