بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں کیلئے — 500 الیکٹرک بسیں جلد سڑکوں پرہونگی

کراچی اور حیدرآباد میں بسوں سے سفر کرنے والوں کے لیے اچھی خبر ہے۔ سندھ حکومت نے عوام کو بہتر اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔ جلد ہی دونوں شہروں میں 500 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہوں گی۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ یہ بسیں پیپلز گرین ٹرانسپورٹ منصوبے کا حصہ ہیں، جس کا مقصد شہریوں کو جدید، کم لاگت اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف روزمرہ سفر آسان ہوگا بلکہ فضائی آلودگی میں کمی بھی آئے گی۔
یہ منصوبہ صرف بسیں چلانے تک محدود نہیں بلکہ اس میںجدید بس ڈپو، چارجنگ اسٹیشنز، خودکار کرایہ وصولی کا نظام اور اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم بھی شامل ہوں گے، جو پورے سسٹم کو مؤثر اور شفاف بنائیں گے۔
شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ کراچی میں پورٹ سے قیوم آباد تک ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ اس فریٹ ایکسپریس وے کے ذریعے بندرگاہ سے بھاری گاڑیوں کے لیے الگ راستہ فراہم کیا جائے گا، جس سے شہر میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور پورٹ کی کارکردگی بہتر ہو گی۔ یہ 16.5 کلومیٹر طویل راستہ سینیٹر تاج حیدر انٹرچینج سے منسلک ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ماحولیات کے شعبے میں بھی اہم پیشرفت کی جا رہی ہے۔جامشورو اور مٹیاری کے علاقوں میں 41 ہزار ہیکٹر پر دریائی جنگلات لگانے کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جو ماحولیاتی توازن کے لیے اہم قدم ہوگا۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق حکومت سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت ٹرانسپورٹ، توانائی اور ماحولیات کے شعبوں میں جدید اور پائیدار منصوبے شروع کر رہی ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کو فائدہ ہوگا بلکہ معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔