بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹیکن چیمپئن ارسلان ایش: سب کہتے تھے تم جاپانیوں اور کوریئنز کو نہیں ہرا سکتے

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ای اسپورٹس چیمپئن ارسلان ایش نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی گیمنگ جرنی، خاندانی جدوجہد اور ٹیکن میں عالمی کامیابی کے سفر پر کھل کر بات کی۔
ارسلان، جن کا تعلق لاہور سے ہے، چھ مرتبہ EVO چیمپئن رہ چکے ہیں اور دنیا بھر میں انہیں ٹیکن کا بہترین کھلاڑی مانا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دنوں میں گیمنگ کو کیریئر بنانے کا فیصلہ ان کے لیے آسان نہیں تھا۔ ایک لمحہ یاد کرتے ہوئے وہ جذباتی ہوگئے،کہا کہ جب میں نے اپنی والدہ سے کہا کہ میں سی اے نہیں کرنا چاہتا اور صرف ایک بار گیمنگ کے لیے بیرون ملک جانا چاہتا ہوں، تو اُن کی آنکھوں میں ناامیدی دیکھ کر دل ٹوٹ گیا۔ وہ رو رہی تھیں، انہیں لگا میں پڑھائی چھوڑ رہا ہوں۔ مگر میں نے وعدہ کیا کہ صرف ایک سال دیں، پھر جو کہیں گی، وہی کروں گا۔
ارسلان کا کہنا تھا کہ نہ صرف والدین بلکہ اُن کے بھائی اور قریبی دوست بھی ان کے خواب کو سنجیدگی سے نہیں لیتے تھے۔لوگ کہتے تھے تم جاپانیوں اور کورینز کو نہیں ہرا سکتے۔ لیکن میرا ماننا تھا کہ ٹیلنٹ ہر جگہ ہوتا ہے، بس آگاہی اور مواقع کی کمی ہوتی ہے۔
انہوں نے اپنے شروعاتی دنوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گیم کھیلنا محلے کی دکان سے شروع کیا، جہاں ایک فروٹ شاپ کے پیچھے گیم مشینز رکھی ہوتی تھیں۔ اب وہاں وہی فروٹ شاپ ہے، لیکن مشینیں نہیں — اُسے دکان والے کا بیٹا چلاتا ہے۔
ارسلان کا ماننا ہے کہ کوئی بھی انسان، چاہے وہ کہیں سے بھی ہو، محنت کرے تو آگے بڑھ سکتا ہے۔ ان کے مطابق، جب تک وہ جیتے نہیں، ان کے اپنے بھائی بھی ان پر یقین نہیں رکھتے تھے — اس لیے کامیابی ان کے لیے ضروری تھی۔