بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہباز اور نواز شریف کی ملاقات، پاک افغان سرحد پر جاری کشیدگی پر گفتگو

لاہور(ویب ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جاتی عمرہ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے نواز شریف کو اپنے حالیہ دورۂ ملائیشیا کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور بتایا کہ دورے کے دوران پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات، خصوصاً اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے نواز شریف کو ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، اور باہمی تعاون کے نئے شعبے کھل رہے ہیں جن سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے اپنے آئندہ دورۂ مصر کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

ملاقات میں افغانستان کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے ملکی سالمیت اور دفاع کے لیے مؤثر اور بھرپور ردعمل دیا، جس پر پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور کسی بھی بیرونی جارحیت یا اندرونی چیلنج کے سامنے متحد ہو کر کھڑی رہے گی۔